Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

آنسوؤں سے خون کے اجزا بدلتے جائیں گے

ناطق لکھنوی

آنسوؤں سے خون کے اجزا بدلتے جائیں گے

دل کے سب ارمان آنکھوں سے نکلتے جائیں گے

اک قیامت ہے عبارت وعدۂ دیدار کی

دن گزرتے جائیں گے معنی بدلتے جائیں گے

ہر نفس ہے شمع غم کا شعلہ میں جو کچھ کہوں

مثل پروانہ مرے الفاظ جلتے جائیں گے

ہے دگر گوں حال دل قاصد ہمیں بھی ساتھ لے

جابجا خط کی عبارت ہم بدلتے جائیں گے

عشق کی وادی میں ناطقؔ گر کے مرنا ہے ضرور

ہر قدم پر کب تک آخر ہم سنبھلتے جائیں گے