Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

آنکھوں پر آہ یاس کا پردہ سا پڑ گیا

بیخود موہانی

آنکھوں پر آہ یاس کا پردہ سا پڑ گیا

دنیا اجڑ گئی کہ مرا دل اجڑ گیا

اللہ کیسا تفرقہ مرنے سے پڑ گیا

میں ایک ساتھ سارے جہاں سے بچھڑ گیا

اب سوز دل کے ناز اٹھائے نہ جائیں گے

آنسو جہاں گرا وہیں ناسور پڑ گیا

مرنا پڑا کسے ترے ذوق گناہ سے

اے دل خبر بھی ہے کوئی غیرت سے گڑ گیا

آنکھوں میں اب تو اور بھی پھرتا ہے آشیاں

ہاں سن لیا بہار کا خیمہ اکھڑ گیا

وقت وداع دل پہ کچھ ایسی گزر گئی

اب تک خبر نہیں کہ میں کس سے بچھڑ گیا

وہ کون اور چیز ہے عاشق کا دل نہیں

جس دل میں بن کے نقش تمنا بگڑ گیا

قدرت نے ہاتھ چوم لئے اس کے وجد میں

جو نقش کائنات پر آئینہ جڑ گیا

دنیا کراہنے کی صدا بن کے رہ گئی

میں دل کو مرتے دیکھ کے آفت میں پڑ گیا