Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اس شوخ کے انداز کو دیکھا تو غضب ہے

منتظر لکھنوی

اس شوخ کے انداز کو دیکھا تو غضب ہے

اور اس کے سوا ناز کو دیکھا تو غضب ہے

باتوں میں جو چھل لیوے ہے دل پیر و جواں کا

اس طفل دعا بار کو دیکھا تو غضب ہے

کیا کیا نہ کہا اس نے مجھے تیری طرف سے

کافر ترے ہم راز کو دیکھا تو غضب ہے

ہر چند کہ ہے طوطیٔ ہند ایک ہی خوش گو

پر بلبل شیراز کو دیکھا تو غضب ہے

ہرچند کہ ہے عشق کا انجام ہی کچھ قہر

ہر حسن کے آغاز کو دیکھا تو غضب ہے

ہم منتظرؔ اتنا نہ سمجھتے تھے اسے لیک

خوب اس بت خود ساز کو دیکھا تو غضب ہے