Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اب کیا ملیں حسینوں سے ہم گوشہ گیر ہیں

میر طاہر علی طاہر فرخ آبادی

اب کیا ملیں حسینوں سے ہم گوشہ گیر ہیں

غارت گروں نے لوٹ لیا ہے فقیر ہیں

خالق بچائے زہرہ جبینوں کی چاہ سے

سنتے ہیں دو فرشتے ابھی تک اسیر ہیں

چار آنکھیں ہم نے کی تو ہیں غصہ نہ کیجیے

سائل نہیں فقیر نہیں راہگیر ہیں

در پر تمہارے بیٹھے ہیں سر پر ہے آفتاب

ہم خاکسار مالک تاج و سریر ہیں

وہ بھی تو روئیں اے اثر گریہ ایک دن

جن کی نگاہ میں مرے آنسو حقیر ہیں

کہہ دیں گے صاف صاف وہ دیکھیں تو آئنہ

یہ مانگ ہے لکیر ہم اس پر فقیر ہیں

نظروں سے کیا گرائیں گے طاہرؔ عدو مجھے

فضل خدا سے دست خدا دست گیر ہیں