Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ابھی چمن ابھی گل بس یہی سماں دیکھا

بیخود موہانی

ابھی چمن ابھی گل بس یہی سماں دیکھا

قفس کو بھی مری آنکھوں نے آشیاں دیکھا

قفس کو دیکھ کے جب سوئے آشیاں دیکھا

زمیں سے چرخ تک اٹھتا ہوا دھواں دیکھا

جو کہہ کے لفظ وفا چپ رہا تو وہ بولے

کہاں سے چھوڑ دی ظالم نے داستاں دیکھا

تڑپ کے آپ ہی باہر تھا آپ پردے کے

نگاہ یاس سے یوں سوئے پاسباں دیکھا

نہ پوچھ دشت تمنا کی واردات نہ پوچھ

ہر ایک ذرے کے پردے میں آسماں دیکھا

تڑپ نقاب کی تھی یا جھلک تھی پردے کی

ابھی کلیم نے جلوہ ترا کہاں دیکھا

چھپے تھے ابر کی رگ رگ میں تار بجلی کے

بھری بہار میں جب سوئے آسماں دیکھا