Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اس کو میں ہوئے ہم وہ لب بام نہ آیا

میر تسکین دہلوی

اس کو میں ہوئے ہم وہ لب بام نہ آیا

اے جذبۂ دل تو بھی کسی کام نہ آیا

تھا میری طرح غیر کو بھی دعوئ الفت

ناصح تو اسے دینے کو الزام نہ آیا

بے بال و پری کھوتی ہے توقیر اسیری

صیاد یہاں لے کے کبھی دام نہ آیا

اس ناز کے صدقے ہوں ترے میں کہ عدو سے

سو بار سنا ہے پہ مرا نام نہ آیا

کیا جانیے کس طرح دیا تو نے جواب آہ

قاصد کی زباں پر ترا پیغام نہ آیا

تسکینؔ کروں کیا دل مضطر کا علاج اب

کم بخت کو مر کر بھی تو آرام نہ آیا