Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اس قدر محو تصور ہوں ستم گر تیرا

فروغ حیدرآبادی

اس قدر محو تصور ہوں ستم گر تیرا

مجھ کو غربت میں نظر آنے لگا گھر تیرا

نشۂ مے کی بجھی پیاس نہ کچھ بھی افسوس

نام سنتے تھے بڑا چشمۂ کوثر تیرا

اپنے پامالیٔ دل کا مجھے افسوس نہیں

دیکھ ظالم نہ بگڑ جائے کہیں گھر تیرا

وہ بھی ہیں لوگ جو ہم بزم رہا کرتے تھے

ہم تو جیتے ہیں فقط نام ہی لے کر تیرا

جلوۂ طور کو کچھ اس کی نظر سے بھانپا

جس نے دیکھا ہے جمال رخ انور تیرا

زندگی اس کی نصیب اس کے ہیں راتیں اس کی

جس کو ہو جلوۂ دیدار میسر تیرا

ہم نے کوشش تو بہت کی تھی اسے لانے کی

اے فروغؔ جگر افگار مقدر تیرا