Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اسی کے جلوے تھے لیکن وصال یار نہ تھا

آسی غازی پوری

اسی کے جلوے تھے لیکن وصال یار نہ تھا

میں اس کے واسطے کس وقت بے قرار نہ تھا

کوئی جہان میں کیا اور طرح دار نہ تھا

تری طرح مجھے دل پر تو اختیار نہ تھا

خرام جلوہ کے نقش قدم تھے لالہ و گل

کچھ اور اس کے سوا موسم بہار نہ تھا

وہ کون نالۂ دل تھا قفس میں اے صیاد

کہ مثل تیر نظر آسماں شکار نہ تھا

غلط ہے حکم جہنم کسے ہوا ہوگا

کہ مجھ سے بڑھ کے تو کوئی گناہ گار نہ تھا

وفور بے خودیٔ بزم مے نہ پوچھو رات

کوئی بجز نگہ یار ہوشیار نہ تھا

لحد کو کھول کے دیکھو تو اب کفن بھی نہیں

کوئی لباس نہ تھا جو کہ مستعار نہ تھا

تو محو گل بن و گلزار ہو گیا آسیؔ

تری نظر میں جمال خیال یار نہ تھا