Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

الٹا اثر یہ شکوۂ بیداد سے ہوا

ہاجر دہلوی

الٹا اثر یہ شکوۂ بیداد سے ہوا

وہ اور بھی خفا مری فریاد سے ہوا

مجنوں ہی سے ہوا نہ وہ فرہادؔ سے ہوا

جو کام عشق میں دل ناشاد سے ہوا

دشمن کی کیا مجال کہ مجھ کو برا کہے

جو کچھ ہوا حضور کے ارشاد سے ہوا

اس دشمن وفا کا تصور ہے پھر مدام

مجبور میں تو اس دل ناشاد سے ہوا

اللہ ہی اب کے جان بچائے تو بچ سکے

پھر عشق مجھ کو اک ستم ایجاد سے ہوا

مرنے کے بعد بھی نہ گئی عشق کی خلش

یہ عقدہ حل نہ خنجر جلاد سے ہوا

اتنا تو بے قرار ہوا تھا نہ دل کبھی

جتنا کہ مضطر آج تری یاد سے ہوا

جو کام دوستوں سے نہ الفت میں ہو سکا

ہاجرؔ وہ کام غیر کی امداد سے ہوا