Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اشک گلگوں کو نہ خون شہدا کو دیکھا

مرزا مائل دہلوی

اشک گلگوں کو نہ خون شہدا کو دیکھا

شوخ جیسا کہ ترے رنگ حنا کو دیکھا

تجھ کو دیکھا نہ ترے ناز و ادا کو دیکھا

تیری ہر طرز میں اک شان خدا کو دیکھا

ہیں تجھے دیکھ کے حوران بہشتی بیتاب

یا ترے کشتۂ انداز و ادا کو دیکھا

تشنۂ آب دم تیغ نے پینا کیسا

آنکھ اٹھا کر نہ کبھی آب بقا کو دیکھا

مجھے کافر ہی بتانا ہے یہ واعظ کمبخت

میں نے بندوں میں کئی بار خدا کو دیکھا

نکہت زلف معنبر کو چمن میں پایا

آتے جاتے ترے کوچے میں صبا کو دیکھا

مائلؔ ایمان ہے بالغیب ہمیں لوگوں کا

کہ پیمبر کو ہے دیکھا نہ خدا کو دیکھا