Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ان کی رفتار سے دل کا عجب احوال ہوا

وزیر علی صبا لکھنؤی

ان کی رفتار سے دل کا عجب احوال ہوا

رندہ گیا پس گیا مٹی ہوا پامال ہوا

دشت وحشت کا علاقہ مجھے امسال ہوا

داغ سودا صفت نیر اقبال ہوا

اس بکھیڑے سے الٰہی کہیں چھٹکارا ہو

عشق گیسو نہ ہوا جان کا جنجال ہوا

نظر لطف نہ کی تو نے مرے رونے پر

طفل اشک اے مہ خوبی نہ خوش اقبال ہوا

ہیں وہ صوفی جو کبھی نالۂ ناقوس سنا

وجد کرنے لگے ہم دل کا عجب حال ہوا

پڑ گیا ان پہ مرے پیچ میں لانے کا وبال

کیا پریشان ترے گیسوؤں کا حال ہوا

دولت فقر ہو اے منعمو اور کملی ہو

فخر کیا ہے جو دوشالہ ہوا رومال ہوا

اپنی قسمت کا نوشتہ جو دکھایا ہم نے

حشر کے روز غلط نامۂ اعمال ہوا

آسماں نے مجھے محروم شہادت رکھا

تیغ قاتل کے لئے بخت‌ سیہ ڈھال ہوا

لوگ کہنے لگے کندن پہ چڑھائے مینا

سبزۂ خط سے وہ خوش رنگ ترا گال ہوا

تیغ حسن اے گل تر ہو گئی خون آلودہ

مجھ پہ غصے میں تیرا منہ جو بہت لال ہوا

طائر دل کی لئے آپ نے صیادی کی

رشتۂ دام‌ بلا زلف کا ہر بال ہوا

لا مکاں تک کہیں ٹھہرا نہ مرا پائے خیال

مزرع سبز فلک بیچ میں پامال ہوا

اے صباؔ آپ رعایت نہ کریں لفظوں کی

زر گل پایا جو گلچیں نے تو کیا مال ہوا