Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ان کا جلوہ نہیں دیکھا جاتا

حسن بریلوی

ان کا جلوہ نہیں دیکھا جاتا

دیکھ دیکھا نہیں دیکھا جاتا

قتل کرنے کی وہ جلدی تھی تمہیں

اب تڑپنا نہیں دیکھا جاتا

چشم خوں بار خدا رحم کرے

تیرا رونا نہیں دیکھا جاتا

الفت ان کی نہیں چھوڑی جاتی

حال دل کا نہیں دیکھا جاتا

دیکھنے ہی کے لئے ہیں آنکھیں

ان سے کیا کیا نہیں دیکھا جاتا

پر تری برق تجلی کا جمال

خوب دیکھا نہیں دیکھا جاتا

نامہ پورا وہ حسنؔ کیا دیکھیں

نام پورا نہیں دیکھا جاتا