Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

انتظار حشر کر سکتے نہیں ناکام عشق

منشی نوبت رائے نظر لکھنوی

انتظار حشر کر سکتے نہیں ناکام عشق

آج ہی ہو جائے ہونا ہو جو کل انجام عشق

ابتدا میں درد فرقت موت ہے انجام عشق

اہل دل کو نا موافق ہے ہوائے بام عشق

بے خودی میں ڈبڈبا آئے ہیں آنسو آنکھ میں

المدد اے ضبط چھلکا چاہتا ہے جام عشق

اس کی الفت نے کیا رسوائے عالم کس قدر

انگلیاں اٹھتی ہیں جاتے ہیں جدھر بدنام عشق

کیوں نصیحت میں تری ناصح ہیں یہ دل سوزیاں

کیا ترے دل پر گزرتے ہیں مرے آلام عشق

چشم گریاں قلب نالاں کی شماتت قہر ہے

دونوں مل کر اک مجھی کو دیتے ہیں الزام عشق

حسرتیں بھی آج دل کے ساتھ ہی دم توڑ دیں

آگے پیچھے ساتھ والوں کا نہ ہو انجام عشق

بام پر آ کر ذرا بکھرائیے زلف دراز

پھیل جائے سارے عالم میں سواد شام عشق

اور کیا اعجاز ہوتا حسن لیلیٰ کے لیے

مر گیا مجنوں مگر زندہ ہے اب تک نام عشق

چار ہی دن میں نظرؔ تم اس قدر گھبرا گئے

آسماں سے کوئی پوچھے گردش ایام عشق