Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اپنا اپنا رنگ دکھلاتی ہیں جانی چوڑیاں

سید یوسف علی خاں ناظم

اپنا اپنا رنگ دکھلاتی ہیں جانی چوڑیاں

آسمانی ارغوانی زعفرانی چوڑیاں

اک ذرا رنگ نزاکت بھی رہی مد نظر

دھان پان اے جان تم ہو پہنو دھانی چوڑیاں

داغ کھا کھا کر ہزاروں دل لہو ہو ہو گئے

کل کھلی پہنیں جو تم نے ارغوانی چوڑیاں

ہاتھ کھینچے کیوں نہ آرائش سے وہ نازک بدن

ساعد نازک پہ کرتی ہیں گرانی چوڑیاں

عاشقوں کے زخم رو رو کر لہو ہنس ہنس پڑیں

مہندی ملتی ہو تو پہنو زعفرانی چوڑیاں

رنگ مہندی کا تری دست نگارں میں نہیں

کر رہی ہیں اے پری آتش فشانی چوڑیاں

دیکھنے والے تمہارے دل بچائیں کس طرح

آفت جاں تم بلاے‌ ناگہانی چوڑیاں

میرے ماتم میں اتاریں آ کے میری قبر پر

دے گئی یوں مجھ کو وہ اپنی نشانی چوڑیاں

چار دن آرائشوں سے ہاتھ اٹھانا چاہئے

سوگ میں عاشق کے لازم ہیں بڑھانی چوڑیاں

عید کو ہے نازنینوں صحت ناظمؔ کا جشن

ہوں نئی آرائشیں اتریں پرانی چوڑیاں