Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اٹھا کے ناز سے دامن بھلا کدھر کو چلے

بھارتیندو ہریش چندر

اٹھا کے ناز سے دامن بھلا کدھر کو چلے

ادھر تو دیکھیے بہر خدا کدھر کو چلے

مری نگاہوں میں دونوں جہاں ہوئے تاریک

یہ آپ کھول کے زلف دوتا کدھر کو چلے

ابھی تو آئے ہو جلدی کہاں ہے جانے کی

اٹھو نہ پہلو سے ٹھہرو ذرا کدھر کو چلے

خفا ہو کس پہ بھنویں کیوں چڑھی ہیں خیر تو ہے

یہ آپ تیغ پہ دھر کر جلا کدھر کو چلے

مسافران عدم کچھ کہو عزیزوں سے

ابھی تو بیٹھے تھے ہے ہے بھلا کدھر کو چلے

چڑھی ہیں تیوریاں کچھ ہے مژہ بھی جنبش میں

خدا ہی جانے یہ تیغ ادا کدھر کو چلے

گیا جو میں کہیں بھولے سے ان کے کوچے میں

تو ہنس کے کہنے لگے ہیں رساؔ کدھر کو چلے