Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اپنے در سے جو اٹھاتے ہیں ہمیں

امداد امام اثر

اپنے در سے جو اٹھاتے ہیں ہمیں

خاک میں آپ ملاتے ہیں ہمیں

ہے جو منظور جفا در پردہ

منہ وہ غیروں میں دکھاتے ہیں ہمیں

غیر کو پاس بٹھا رکھتے ہیں

جب کبھی آپ بلاتے ہیں ہمیں

گرمیاں غیر کو دکھلا دکھلا

بزم میں آپ جلاتے ہیں ہمیں

شب فرقت میں فلک کے تارے

داغ دل یاد دلاتے ہیں ہمیں

ان کے انداز سخن ہیں معلوم

غیر کو کہہ کے سناتے ہیں ہمیں

پھر کسی گل پہ ہوا دل مائل

داغ تازہ نظر آتے ہیں ہمیں

چھوڑ دیں آپ کی ہم راہی ہم

واہ کیا راہ بتاتے ہیں ہمیں

تو ہمیں راہ بتائے جس سے

غیر وہ راہ بتاتے ہیں ہمیں

عطر گل سے نہیں جب دل بھرتا

اپنا رومال سونگھاتے ہیں ہمیں

شب کو افسانۂ دل کہہ کے اثرؔ

آپ روتے ہیں رلاتے ہیں ہمیں