Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اٹھو زمانے کے آشوب کا ازالہ کریں

سراج الدین ظفر

اٹھو زمانے کے آشوب کا ازالہ کریں

بنام گل بدناں رخ سوئے پیالہ کریں

بیاد دیدۂ مخمور پر پیالہ کریں

اٹھو کہ زہر کا پھر زہر سے ازالہ کریں

وہ رند ہیں نہ اٹھائیں بہار کا احساں

ورود ہم تری خلوت میں بے حوالہ کریں

کہاں کے دیر و حرم آؤ ایک سجدۂ شوق

بپائے ہوش ربایان بست سالہ کریں

برس پڑے جو گلستاں میں اس نظر سے شراب

بہک بہک کے ہم آگے سبوئے لالہ کریں

سبو اٹھا کہ گدایان کوئے مے خانہ

ترے حوالے مہ و مہر کا قبالہ کریں

حدیث زہد ہو یا واردات زہرہ مثال

کسی کے نام کو ہم زیب ہر مقالہ کریں

دکھا صحیفۂ رخ اس طرح کہ اہل بہار

ورق ورق بہ خجالت بیاض لالہ کریں

اٹھو جلا کے مے سرخ سے چراغ ابد

نشاط صحبت شب کو ہزار سالہ کریں

ادا وہ نیچی نگاہوں کی ہے کہ جیسے ظفرؔ

تلاش کنج غزالان خورد سالہ کریں