Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اچھے عیسیٰ ہو مریضوں کا خیال اچھا ہے

Ameer Minai (1829–1900)

اچھے عیسیٰ ہو مریضوں کا خیال اچھا ہے

ہم مرے جاتے ہیں تم کہتے ہو حال اچھا ہے

تجھ سے مانگوں میں تجھی کو کہ سبھی کچھ مل جائے

سو سوالوں سے یہی ایک سوال اچھا ہے

دیکھ لے بلبل و پروانہ کی بیتابی کو

ہجر اچھا نہ حسینوں کا وصال اچھا ہے

آ گیا اس کا تصور تو پکارا یہ شوق

دل میں جم جائے الٰہی یہ خیال اچھا ہے

آنکھیں دکھلاتے ہو جوبن تو دکھاؤ صاحب

وہ الگ باندھ کے رکھا ہے جو مال اچھا ہے

برق اگر گرمئ رفتار میں اچھی ہے امیرؔ

گرمی حسن میں وہ برق جمال اچھا ہے