Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اک فسانہ سن گئے اک کہہ گئے

Fani Badayuni (1879–1941)

اک فسانہ سن گئے اک کہہ گئے

میں جو رویا مسکرا کر رہ گئے

یا ترے محتاج ہیں اے خون دل

یا انہیں آنکھوں سے دریا بہہ گئے

موت ان کا منہ ہی تکتی رہ گئی

جو تری فرقت کے صدمے سہ گئے

تو سلامت ہے تو ہم اے درد دل

مر ہی جائیں گے جو جیتے رہ گئے

پھر کسی کی یاد نے تڑپا دیا

پھر کلیجہ تھام کر ہم رہ گئے

اٹھ گئے دنیا سے فانیؔ اہل ذوق

ایک ہم مرنے کو زندہ رہ گئے