Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اپنے ہی دم سے ہے چرچا کفر اور اسلام کا

میاں داد خاں سیاح

اپنے ہی دم سے ہے چرچا کفر اور اسلام کا

گاہ عابد ہوں خدا کا گہہ پجاری رام کا

لوٹتے ہیں جس کو سن سن کر ہزاروں مرغ دل

ہو رہا ہے ذکر کس کے گیسوؤں کے دام کا

چشم مست یار کا ہم چشم لو پیدا ہوا

دیکھنا اب پوست کھینچا جائے گا بادام کا

سیر کرتا ہے وہ عالم کی مرا پیک نگاہ

لاکھ ہے بے دست و پا لیکن ہے پھر سو کام کا

سر جدا تن سے کیا اک ہاتھ میں جلاد نے

نقد جاں دیجے کیا اس نے یہ کام انعام کا

ہیں شہ ملک جنوں صحرا ہے اپنا تخت گاہ

تن پہ ہر داغ جنوں سکہ ہے اپنے نام کا

جلد نام اپنا بتا دے جیسے بندہ ہوں ترا

واسطہ دیتا ہوں میں اے بت خدا کے نام کا

بت پرستی کی بہت سیاحؔ اب کر یاد حق

شغل مولا میں رہے بندہ وہی ہے کام کا