Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اپنے نالے میں گر اثر ہوتا

میر سوز

اپنے نالے میں گر اثر ہوتا

قطرۂ اشک بھی گہر ہوتا

جن کے نامے کی ہے پہنچ تجھ تک

کاش میں ان کا نامہ بر ہوتا

دل نہ دیتا جو میں تجھے ظالم

کیوں مری جان کا ضرر ہوتا

پھر نہ کرتا ستم کسی پہ اگر

حال سے میرے باخبر ہوتا

خون عشاق کرتے کیوں ناحق

گر بتوں کو خدا کا ڈر ہوتا

کام آتا میں ایک دن پیارے

ربط مجھ سے تجھے اگر ہوتا

کھینچتی فوج خط جو حسن پہ تیغ

سینہ میرا ہی واں سپر ہوتا

سوزؔ کو شوق کعبے جانے کا

ہے بہت پر زیادہ تر ہوتا

شیخ مانند تیرے اس کے پاس

بار برداری کو جو خر ہوتا