Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اک آفت جاں ہے جو مداوا مرے دل کا

امیر اللہ تسلیم

اک آفت جاں ہے جو مداوا مرے دل کا

اچھا کوئی پھر کیوں ہو مسیحا مرے دل کا

کیوں بھیڑ لگائی ہے مجھے دیکھ کے بیتاب

کیا کوئی تماشا ہے تڑپنا مرے دل کا

بازار محبت میں کمی کرتی ہے تقدیر

بن بن کے بگڑ جاتا ہے سودا مرے دل کا

گر وہ نہ ہوئے فیصلۂ حشر پہ راضی

کیا ہوگا پھر انجام خدایا مرے دل کا

کیا کوہ کن و قیس کو دیتے دم تقسیم

حصہ تھا غم حوصلہ فرسا مرے دل کا

گو میں نہ رہوں محفل جاناں میں مگر روز

تسلیمؔ یوں ہی ذکر رہے گا مرے دل کا