Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اچھا ہوا یہ وقت تو آنا ضرور تھا

میرزا الطاف حسین عالم لکھنوی

اچھا ہوا یہ وقت تو آنا ضرور تھا

مدت سے کش مکش میں دل ناصبور تھا

دنیا کا ہوشیار بڑا ذی شعور تھا

جب تک مرے کہے میں دل ناصبور تھا

میرا قصور میری نظر کا قصور تھا

وہ جس قدر قریب تھا اتنا ہی دور تھا

اچھا ہوا جو دل کی تڑپ اور بڑھ گئی

جانا بھی ان کی بزم میں مجھ کو ضرور تھا

اس بے نشاں کا آج نشاں ڈھونڈتے ہیں آپ

سنیے وہی جو نازش اہل قبور تھا

وہ دور میری عمر کا تھا یادگار دور

جس میں کہ تیرے حسن پہ مجھ کو غرور تھا

لے آیا کون گور غریباں میں کھینچ کر

کوسوں ابھی میں منزل مقصد سے دور تھا

واعظ نے ذکر وعدۂ فردوس کیوں کیا

اس رند سے جو نشۂ وحدت سے چور تھا

اب آ کے میری لاش سے فرما رہے ہیں وہ

عالمؔ یہ تیری عقل و فراست سے دور تھا