Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اک خلق جو ہر سمت سے آئی ترے در پر

شرف مجددی

اک خلق جو ہر سمت سے آئی ترے در پر

آیا نظر انداز خدائی ترے در پر

تھی جس کی تمنا دل مشتاق کو ہر دم

وہ چیز اگر پائی تو پائی ترے در پر

عشاق کے آگے نہ لڑا غیروں سے آنکھیں

ڈر ہے کہ نہ ہو جائے لڑائی ترے در پر

دیکھی جو یہاں آ کے جھڑی ابر کرم کی

سب دل کی لگی ہم نے بجھائی ترے در پر

اس نفس ہی کمبخت نے روکا تھا شرفؔ کو

دشوار نہ تھی ورنہ رسائی ترے در پر