Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اگرچہ دل کو لے ساتھ اپنے آیا اشک مرا

باقر آگاہ ویلوری

اگرچہ دل کو لے ساتھ اپنے آیا اشک مرا

نگاہ میں تری ہرگز نہ بھایا اشک مرا

میں تیرے ہجر میں جینے سے ہو گیا تھا اداس

پہ گرم جوشی سے کیا کیا منایا اشک مرا

حذر ضروری ہے اے سرو ناز اس سے تجھے

کہ آبشار مژہ کو بہایا اشک مرا

ہوا ہے کون سے خورشید رو سے گرم اتنا

کہ میرے دل کو جو ایسا جلایا اشک مرا

برنگ غنچۂ افسردہ ہو گیا تھا یہ دل

سو ویسے مردہ کو پل میں جلایا اشک مرا

ہوا وہ جب نظر انداز یار کا آگاہؔ

مجھے یہ بے اثری پر ہنسایا اشک مرا