Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اگر میں جانتا ہے عشق میں دھڑکا جدائی کا

میر سوز

اگر میں جانتا ہے عشق میں دھڑکا جدائی کا

تو جیتے جی نہ لیتا نام ہرگز آشنائی کا

جو عاشق صاف ہیں دل سے انہیں کو قتل کرتے ہیں

بڑا چرچا ہے معشوقوں میں عاشق آزمائی کا

کروں اک پل میں برہم کارخانے کو محبت کے

اگر عالم میں شہرہ دوں تمہاری بے وفائی کا

جفا یا مہر جو چاہے سو کر لے اپنے بندوں پر

مجھے خطرہ نہیں ہرگز برائی یا بھلائی کا

نہ پہنچا آہ و نالہ گوش تک اس کے کبھو اپنا

بیاں ہم کیا کریں طالع کی اپنے نارسائی کا

خدایا کس کے ہم بندے کہاویں سخت مشکل ہے

رکھے ہے ہر صنم اس دہر میں دعویٰ خدائی کا

خدا کی بندگی کا سوزؔ ہے دعویٰ تو خلقت کو

ولے دیکھا جسے بندہ ہے اپنی خود نمائی کا