Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اے مرد خدا ہو تو پرستار بتاں کا

Taban Abdul Hai (1715–1749)

اے مرد خدا ہو تو پرستار بتاں کا

مذہب میں مرے کفر ہے انکار بتاں کا

لگتی وہ تجلی شرر سنگ کے مانند

موسی تو اگر دیکھتا دیدار بتاں کا

گردن میں مرے طوق ہے زنار کے مانند

ہوں عشق میں ازبسکہ گنہ گار بتاں کا

دونوں کی ٹک اک سیر کر انصاف سے اے شیخ

کعبے سے ترے گرم ہے بازار بتاں کا

دوں ساری خدائی کو عوض ان کے میں تاباںؔ

کوئی مجھ سا بتا دے تو خریدار بتاں کا