Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اے دل نہ سن افسانہ کسی شوخ حسیں کا

احسن مارہروی

اے دل نہ سن افسانہ کسی شوخ حسیں کا

ناعاقبت اندیش رہے گا نہ کہیں کا

دنیا کا رہا ہے دل ناکام نہ دیں کا

اس عشق بد انجام نے رکھا نہ کہیں کا

ہیں تاک میں اک شوخ کی دزدیدہ نگاہیں

اللہ نگہبان ہے اب جان حزیں کا

حالت دل بیتاب کی دیکھی نہیں جاتی

بہتر ہے کہ ہو جائے یہ پیوند زمیں کا

گو قدر وہاں خاک بھی ہوتی نہیں میری

ہر وقت تصور ہے مگر دل میں وہیں کا

ہر عاشق جانباز کو ڈر اے ستم آرا

تلوار سے بڑھ کر ہے تری چین جبیں کا

کچھ سختی دنیا کا مجھے غم نہیں احسنؔ

کھٹکا ہے مگر دل کو دم بازپسیں کا