Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اے دل ہوا ہے جیسے مرے دل کو تو پسند

نواب امراوبہادر دلیر

اے دل ہوا ہے جیسے مرے دل کو تو پسند

آیا کوئی حسین نہ ترے روبرو پسند

ٹانکے لگاؤ حلق پہ خنجر کو پھیر کر

پھر یہ کہو ہمیں ہے یہ طوق گلو پسند

ایمان سے خدا کے لئے تو ہی سچ بتا

واعظ کسی کو بھی ہے تری گفتگو پسند

آفت ہے زمزمہ تو غضب گٹکری کی تان

کیوں ہو نہ مجھ کو تجھ سا بت خوش گلو پسند

درد فراق میں دل صد چاک کو مرے

تار نگاہ یار ہے بہر رفو پسند

روز الست سے ہوں میں سرشار واعظو

کیوں ہو نہ مجھ کو بادہ و جام و سبو پسند

درد فراق دوست پہ مرتے ہیں دل جگر

دونوں کو ہے بس ایک یہی آرزو پسند

دیکھوں گا آنکھ اوٹھا کے نہ میں حور کی طرف

مر کر بھی ہاں رہے گی یہی آرزو پسند

جھوٹی ملے شراب جو اس بت کی ساقیا

کیوں ہو نہ زاہدوں کو وہ بہر وضو پسند

ابرو سے گو لڑا کبھی تیر نگاہ سے

دل کو ہے میرے جنگ یہ اے جنگجو پسند