Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

اے اہل نظر سوز ہمیں ساز ہمیں ہیں

سراج الدین ظفر

اے اہل نظر سوز ہمیں ساز ہمیں ہیں

عالم میں پس پردۂ پرواز ہمیں ہیں

اے جبر مشیت بہ ہمہ بے پر و بالی

اب بھی ہے جنہیں ہمت پرواز ہمیں ہیں

خوش ہیں کہ نہیں اس ستم آرا کا ستم عام

نازاں ہیں کہ اس کے ہدف ناز ہمیں ہیں

وہ انجمن‌ ناز بتاں ہو کہ سر دار

جس سمت سے گزرے ہیں سرافراز ہمیں ہیں

دیکھیں جو کسی اور طرف بھی وہ سر بزم

مقصود نگاہ غلط انداز ہمیں ہیں

اے شاہد معنی صف شیریں سخناں میں

ہے کوئی اگر شاعر طناز ہمیں ہیں

اے جان ظفرؔ حافظ‌ؔ و سعدیؔ کی قفا میں

اب وارث مے خانۂ شیراز ہمیں ہیں