Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

بتو یہ شیشۂ دل توڑ دو خدا کے لیے

شیخ علی بخش بیمار

بتو یہ شیشۂ دل توڑ دو خدا کے لیے

جو سنگ دل ہو تو کیا چاہیئے جفا کے لیے

سوال یار سے کیسا کمال الفت کا

کہ ابتدا بھی تو ہے شرط انتہا کے لیے

خدا سے تجھ کو صنم مانگتے تو مل جاتا

مگر ادب نے اجازت نہ دی دعا کے لیے

عذاب آتش فرقت سے کانپتا تھا دل

ہزار شکر جہنم ملا سزا کے لیے

نہ دل لگا کے ہوا مجھ سے عشق میں پرہیز

بگڑ گیا جو کسی نے کہا دوا کے لیے

ملا انہیں بھی تلون مجھے بھی یک رنگی

خصوصیت نہ رہی صرصر و صبا کے لیے

خدا نے کام دئے ہیں جدا جدا سب کو

صنم جفا کے لیے ہیں تو ہم وفا کے لیے

جہاں نورد رہے ہم تلاش مطلب میں

چلے نہ ایک قدم غیر مدعا کے لیے

مشاعرہ میں پڑھو شوق سے غزل بیمارؔ

کہ مستعد ہیں سخن سنج مرحبا کے لیے