Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

انس اپنے میں کہیں پایا نہ بیگانے میں تھا

آغا شاعر قزلباش

انس اپنے میں کہیں پایا نہ بیگانے میں تھا

کیا نشہ ہے سارا عالم ایک پیمانے میں تھا

آہ اتنی کاوشیں یہ شور و شر یہ اضطراب

ایک چٹکی خاک کی دو پر یہ پروانے میں تھا

آپ ہی اس نے انا الحق کہہ دیا الزام کیا

ہوش کس نے لے لیا تھا ہوش دیوانے میں تھا

اللہ اللہ خاک میں ملتے ہی یہ پائے ثمر

لو خدا کی شان پھل بھی پھول بھی دانے میں تھا

شیخ کو جو پارسا کہتا ہے اس کو کیا کہوں

میں نے اپنی آنکھ سے دیکھا وہ مے خانے میں تھا

شاعرؔ نازک طبیعت ہوں مرا دل کٹ گیا

ساقیا لینا کہ شاید بال پیمانے میں تھا