Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

بھوکے پیٹ

میکش حیدرآبادی

رکتی سانسیں ہیں اور سینا

موت کے پاؤں تلے ہے جینا

اوگھٹ گھاٹ بھنور کے چکر

ڈگ مگ ہے جیون کا سفینہ

غم اور آنسو آنسو اور غم

غم کھانا اور آنسو پینا

برکھا رت ویرانوں کی ہے

چاندنی قبرستانوں کی ہے

من میں لہر کبھی اٹھتی تھی

بات یہ اب افسانوں کی ہے

جیسے سائے رینگ رہے ہوں

حالت یہ انسانوں کی ہے

ہم سے غافل تقدیریں ہیں

بے دست و پا تدبیریں ہیں

خشک لبوں کی مردہ آہیں

بھوکے پیٹ کی تفسیریں ہیں

کیسے کہیں ہم بھی جیتے تھے

اب تو بے جاں تصویریں ہیں

جیتے ہیں اور مر نہیں سکتے

بے بس ہیں کچھ کر نہیں سکتے

پھولوں کی خوشبو آتی ہے

دامن ان سے بھر نہیں سکتے

دنیا دنیا کہنے والے

دنیا اپنی کر نہیں سکتے

سب کا پالنہار کدھر ہے

دنیا اس کا ہی تو ہنر ہے

بنے کھلونے ٹوٹ رہے ہیں

اف یہ گھروندا زیر و زبر ہے

کچھ روتے ہیں کچھ ہنستے ہیں

اور پھر دونوں کا یہ گھر ہے