Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

بہار آئی کر اے باغباں گلاب قلم

پیر شیر محمد عاجز

بہار آئی کر اے باغباں گلاب قلم

کہ لکھے وصف رخ یار کی کتاب قلم

نہ کھینچے چہرۂ پر نور پر نقاب قلم

کرے نہ کاغذ تصویر کو خراب قلم

جو قصد ہو رخ روشن کے وصف لکھنے کا

فلک سے لے ورق ماہ و آفتاب قلم

حکایت دل بیتاب طول رکھتی ہے

نہ کر تو لکھنے میں اتنا بھی اضطراب قلم

بیان زلف چلیپا میں قطعہ لکھ لکھ کر

دکھائے خط شکستہ کا پیچ و تاب قلم

حباب سے بھی بہت کم ہے زیست کا وقفہ

حدیث کشتی مے میں چلے شتاب قلم

لکھے نہ آتش مے کی حکایتیں آگے

جگر نہ بادہ کشوں کے کرے کباب قلم

شبیہ کھینچے گا اک گل کے قد موزوں کی

لکھے گا مصرع شمشاد کا جواب قلم

حکایت شب ہجراں لکھو نہ اے عاجزؔ

ہماری جان حزیں کا نہ ہو عذاب قلم