Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

بڑھ گئی مے پینے سے دل کی تمنا اور بھی

امیر اللہ تسلیم

بڑھ گئی مے پینے سے دل کی تمنا اور بھی

صدقہ اپنا ساقیا یک جام صہبا اور بھی

ایک تو میں آپ ناصح ہوں پریشاں خستہ جاں

دل دکھا دیتی ہے تیری پند بے جا اور بھی

داستان شوق دل ایسی نہیں تھی مختصر

جی لگا کر تم اگر سنتے میں کہتا اور بھی

کچھ تو پہلے سے دل بے تاب تھا وحشی مزاج

بے ترے دن رات گھبراتا ہے تنہا اور بھی

دیکھتے ہی دیکھتے تسلیمؔ وہ چھپنے لگے

بڑھ گیا بے پردگی میں مجھ سے پردہ اور بھی