Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

بے خوف غیر دل کی اگر ترجماں نہ ہو

محمد علی جوہر

بے خوف غیر دل کی اگر ترجماں نہ ہو

بہتر ہے اس سے یہ کہ سرے سے زباں نہ ہو

ہوں بے ہراس یہ مجھے رکھیں کسی جگہ

ڈر ہو وہاں کہ تیری حکومت جہاں نہ ہو

اک تو جو مہرباں ہو تو ہر اک ہو مہرباں

اور یوں نہ ہو بلا سے کوئی مہرباں نہ ہو

ہم کو تو ایک تجھ سے دو عالم میں ہے غرض

سب بدگماں ہوا کریں تو بدگماں نہ ہو

دیر و حرم میں ڈھونڈ کے سب تھک گئے اسے

اب کون کہہ سکے کہ کہاں ہو کہاں نہ ہو

کرنا ہی تھا حرام تو پھر وعدہ کس لیے

یہ کیا کہ مے حلال وہاں ہو یہاں نہ ہو

ہمت نہ ہار دے کوئی منزل کے سامنے

پروردگار یوں بھی کوئی ناتواں نہ ہو

ملنے تو پھر چلے ہو مشیخت پناہ سے

قشقہ کا دیکھو آج جبیں پر نشاں نہ ہو

جوہرؔ اس ایک دل کے لیے اتنے مشغلے

کی ہے خدا کی چاہ تو عشق بتاں نہ ہو