Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

بے دیے لے اڑا کبوتر خط

سید یوسف علی خاں ناظم

بے دیے لے اڑا کبوتر خط

یوں پہنچتا ہے اوپر اوپر خط

پرزے پرزے ہوا سراسر خط

ایک خط کے بنے بہتر خط

قتل ہوتے ہیں نامہ بر ہر روز

لاش پر لاش اور خط پر خط

روز اک نامہ بر کہاں سے آئے

یوں ہی رکھ چھوڑتا ہوں لکھ کر خط

کیا قلم نے شرر فشانی کی

پھلجڑی بن گیا مرا ہر خط

چار ہیں گے کل ان کے ہم سایے

لکھ کے دے آئے آج ہم سر خط

جو کہ لیتے نہیں ہیں میرا نام

وہ لکھیں گے مجھے مقرر خط

کس طرح سر نوشت کو بدلوں

خط میں مل جائے غیر کے گر خط

پڑھ تو لیں گے وہ نامہ میرا بھی

آتے رہتے ہیں اس کے اکثر خط

دیکھ کر نام پھینک دیں گے ضرور

پھر نہ لیں گے کبھی مکرر خط

ڈاک گھر میں ٹکٹ نہیں باقی

ناظمؔ اتنے گئے ہیں خط پر خط