Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

بے وجہ نہیں گرد پریشاں پس محفل

مرزا محمد تقی ہوس

بے وجہ نہیں گرد پریشاں پس محفل

آتا ہے کوئی بے سر و ساماں پس محفل

از بس کشش عشق سے آگاہ تھی لیلیٰ

تھی دیکھتی وہ فتنۂ دوراں پس محفل

کس سوختہ کی خاک سے اٹھا ہے بگولا

اک شعلۂ جوالہ ہے پیچاں پس محفل

فکر قدم ناقہ ہوا قیس کو پیدا

دیکھا جو ہیں صحرائے مغیلاں پس محفل

اے ناقہ کش اتنی بھی نہ تو تیز روی کر

مجنوں ز خود و رفتہ ہے نالاں پس محفل

شاید میں اسے دیکھوں ہوسؔ با لب خنداں

جاتا ہوں اس امید پہ گریاں پس محفل