Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

بے نیاز ہر تمنا ہو گیا

منیر بھوپالی

بے نیاز ہر تمنا ہو گیا

عشق میں اب حسن پیدا ہو گیا

درد دل خود ہی مسیحا ہو گیا

مر گیا بیمار اچھا ہو گیا

دل میں کوئی تو ادائے خاص تھی

جلوہ خود محو تماشا ہو گیا

اے نگاہ لطف پردہ چاہیے

سوز دل ساز تمنا ہو گیا

میری خاموشی فسانہ بن گئی

خود لب خاموش گویا ہو گیا

پائمالی میں نہاں تھی زندگی

دل مٹا مٹ کر تمنا ہو گیا

سامنے ہیں اور نظر آتے نہیں

جلوہ خود آنکھوں کا پردہ ہو گیا

اس ادا سے آج اٹھی وہ نظر

میں بھری محفل میں رسوا ہو گیا

مسکرا کر تم نے کیوں دیکھا مجھے

بجلیوں کو اک بہانہ ہو گیا

اس طرح جلوہ دکھاتے ہیں کہیں

ہر تماشائی تماشا ہو گیا

ہو گئی خاموش شمع زندگی

ختم سب دل کا فسانہ ہو گیا

جو گرا دامن پہ آنسو اے منیرؔ

آئنہہ دار تمنا ہو گیا