Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

بے طلب ایک قدم گھر سے نہ باہر جاؤں

یوسف ظفر

بے طلب ایک قدم گھر سے نہ باہر جاؤں

ورنہ میں پھاند کے ہی سات سمندر جاؤں

داستانیں ہیں مکانوں کی زبانوں پہ رقم

پڑھ سکوں میں تو مکانوں سے بیاں کر جاؤں

میں منظم سے بھلا کیسے کروں سمجھوتا

ڈوبنے والے ستاروں سے میں کیوں ڈر جاؤں

روح کیا آئے نظر جسم کی دیواروں میں

ان کو ڈھاؤں تو اس آئینے کے اندر جاؤں

اور دو چار مصائب کی کسر باقی ہے

یہ اٹھا لاؤں تو میں دنیا کے سفر پر جاؤں

زہر ہے میرے رگ و پے میں محبت شاید

اپنے ہی ڈنک سے بچھو کی طرح مر جاؤں

تھک کے پتھر کی طرح بیٹھا ہوں رستے میں ظفرؔ

جانے کب اٹھ سکوں کیا جانیے کب گھر جاؤں