Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ترا عاشق مرے سوا ہے کون

رنج حیدرآبادی

ترا عاشق مرے سوا ہے کون

بے وفا مجھ سا با وفا ہے کون

خیر میں آپ کا نہیں کوئی

کہئے تو غیر آپ کا ہے کون

سن کے لوگوں سے ذکر خیر مرا

بولے کیا جانے وہ بلا ہے کون

مجھ سے الفت تھی تجھ کو تجھ سے مجھے

دیکھ ثابت قدم رہا ہے کون

میری تعریف سن کے کہتے ہیں

ایسا یہ شخص یا خدا ہے کون

گر وہ دیں اپنے ہاتھ سے ساغر

لوں میں یہ کہہ کے پارسا ہے کون

جب کہا میں نے کوئی ہے عاشق

سن کے کہنے لگے وہ کیا ہے کون

میں نہ چاہوں تجھے تو چاہوں کسے

تجھ سا دل دار دل ربا ہے کون

گر نہیں تو تو یہ بتا مجھ کو

شوخ عیار پر جفا ہے کون

کس کو مرنے کا غیر کے غم ہے

رات دن اس میں مبتلا ہے کون

درد دل گر نہ میں کہوں تجھ سے

درد مندوں کی پھر دوا ہے کون

خوش مزاجی میں وضع داری میں

رنجؔ سا اور دوسرا ہے کون