Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تشنہ لب ہوں مدتوں سے دیکھیے

محمد علی جوہر

تشنہ لب ہوں مدتوں سے دیکھیے

کب در مے خانۂ کوثر کھلے

طاقت پرواز ہی جب کھو چکی

پھر ہوا کیا گر ہوا میں پر کھلے

چاک کر سینہ کو پہلو چیر ڈال

یوں ہی کچھ حال دل مضطر کھلے

رات تلچھٹ تک نہ چھوڑی تب کہیں

راز ہائے بادہ و ساغر کھلے

لو وہ آ پہنچا جنوں کا قافلہ

پاؤں زخمی خاک منہ پر سر کھلے

ہوں جو کثرت ہی کے قائل ان پہ کیا

راز فتح سبط پیغمبر کھلے

رونمائی کے لیے لایا ہوں جاں

اب تو شاید چہرۂ انور کھلے

اب تو کشتی کے موافق ہے ہوا

ناخدا کیا دیر ہے لنگر کھلے

یہ نظر بندی تو نکلی رد سحر

دیدہ ہائے ہوش اب جا کر کھلے

اب کہیں ٹوٹا ہے باطل کا طلسم

حق کے عقدے اب کہیں ہم پر کھلے

اب ہوا ہے ماسوا کا پردہ فاش

معرفت کے اب کہیں دفتر کھلے

فیض سے تیرے ہی اے قید فرنگ

بال و پر نکلے قفس کے در کھلے

جیتے جی تو کچھ نہ دکھلایا مگر

مر کے جوہرؔ آپ کے جوہر کھلے