Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تصور سے کسی کے میں نے کی ہے گفتگو برسوں

Haidar Ali Aatish (1778–1847)

تصور سے کسی کے میں نے کی ہے گفتگو برسوں

رہی ہے ایک تصویر خیالی روبرو برسوں

ہوا مہمان آ کر رات بھر وہ شمع رو برسوں

رہا روشن مرے گھر کا چراغ آرزو برسوں

برابر جان کے رکھا ہے اس کو مرتے مرتے تک

ہماری قبر پر رویا کرے گی آرزو برسوں

چمن میں جا کے بھولے سے میں خستہ دل کراہا تھا

کیا کی گل سے بلبل شکوۂ درد گلو برسوں

اگر میں خاک بھی ہوں گا تو آتشؔ گرد باد آسا

رکھے گی مجھ کو سرگشتہ کسی کی جستجو برسوں