Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ترے بیمار کی شاید وداع جان ہے تن سے

ممنون نظام الدین

ترے بیمار کی شاید وداع جان ہے تن سے

جنازے کی وگرنہ واں ہے تیاری کا کیا باعث

کہیں وقت خطاب اے یار اپنے منہ سے نکلا تھا

لگا کہنے کہ مجھ میں آپ میں یاری کا کیا باعث

مریض اپنے کو دیکھا آہ خوں آلودہ کیا کیا تھے

نہ تھا گر درد دل میں نالہ و زاری کا کیا باعث

نہیں کچھ زور سے لیتا کوئی دل دو نہ دو ممنوںؔ

یہ مجبوری کا کیا موجب یہ ناچاری کا کیا باعث

مرے سینہ میں گر آتش کدہ پنہاں نہیں ظالم

فغان و آہ سے ہر دم شررباری کا کیا باعث

تصور چشم خوباں کا مقرر تم کو رہتا ہے

وگرنہ حضرت دل اتنی بیماری کا کیا باعث

ہوا جب کام اپنا کام دل جب پوچھنے آئے

مجھے غم کھا چکا اب میری غم خواری کا کیا باعث

عجب دیوانگی ہے کوئی بھی یوں دل پھنساتا ہے

بہت دانا تھے تم ممنوںؔ گرفتاری کا کیا باعث