Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تم لے کے اپنے ہاتھ میں خنجر نہ دیکھنا

مرزا مائل دہلوی

تم لے کے اپنے ہاتھ میں خنجر نہ دیکھنا

اور دیکھنا تو تن پہ مرے سر نہ دیکھنا

دشمن بھی میرے ساتھ ہی آتا ہے بزم میں

تم کو قسم ہے آنکھ اٹھا کر نہ دیکھنا

گر دیکھتے نہیں ہو ندامت سے جور کی

تم اب تو دیکھ لو دم محشر نہ دیکھنا

دل پر رہے گی نقش یہ بے مہریاں تری

جانا اور اس طرح سے کہ مڑ کر نہ دیکھنا

مائلؔ جو توبہ کرتے ہو کیسا ہی ابر ہو

پھر آنکھ اٹھا کے شیشہ و ساغر نہ دیکھنا