Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تم بھی ہو خنجر خوشاب بھی ہے

حسن بریلوی

تم بھی ہو خنجر خوشاب بھی ہے

اور یہ خانماں خراب بھی ہے

وہ بھی ہیں ساغر شراب بھی ہے

چاند کے پاس آفتاب بھی ہے

بولے وہ بوسہ ہائے پیہم پر

ارے کمبخت کچھ حساب بھی ہے

پوچھتے جاتے ہیں یہ ہم سب سے

مجلس وعظ میں شراب بھی ہے

دیکھ آؤ مریض فرقت کو

رسم دنیا بھی ہے ثواب بھی ہے