Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تماشا ہے کہ سب آزاد قومیں

اسد ملتانی

تماشا ہے کہ سب آزاد قومیں

بہی جاتی ہیں آزادی کی رو میں

وہ گرد کارواں بن کے چلے ہیں

ستارے تھے رواں جن کے جلو میں

سفر کیسا فقط آوارگی ہے

نہیں منزل نگاہ راہرو میں

ہے سوز دل ہی راز زندگانی

حیات شمع ہے صرف اس کی لو میں

بہت تھے ہم زباں لیکن جو دیکھا

نہ نکلا ایک بھی ہمدرد سو میں

اسدؔ ساقی کی ہے دوہری عنایت

شراب کہنہ ڈالی جام نو میں