Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تم سے وابستہ ہے میری موت میری زندگی

مخمور دہلوی

تم سے وابستہ ہے میری موت میری زندگی

جسم سے اپنے کبھی سایہ جدا ہوتا نہیں

اس طرح فریاد کرنے کو کلیجہ چاہئے

اب کوئی گلشن میں میرا ہم نوا ہوتا نہیں

وہ محبت آفریں دیتا ہے حسب ظرف عشق

پھر کسی سے بھی طلب گار وفا ہوتا نہیں

اک تخیل ہے کہ جس میں محو ہے میرا دماغ

اک تصور یہ جو آنکھوں سے جدا ہوتا نہیں

سعیٔ فہم ذات باری اور یہ محدود عقل

جس کا حاصل کچھ بھی حیرت کے سوا ہوتا نہیں

اشرف المخلوق کہتے ہیں اسی مجبور کو

جس کا کوئی کام بے دست دعا ہوتا نہیں

جتنے ارماں دل میں تھے مخمورؔ سب موجود ہیں

ایک بھی تو اپنے مرکز سے جدا ہوتا نہیں