Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تم نے پوچھا نہیں کبھی ہم کو

شرف مجددی

تم نے پوچھا نہیں کبھی ہم کو

تم سے امید یہ نہ تھی ہم کو

روتے دیکھا مجھے تو فرمایا

آ نہ جائے کہیں ہنسی ہم کو

جس نظر سے کہ چاہتے تھے ہم

تم نے دیکھا نہیں کبھی ہم کو

ہائے کہنا کسی کا جاتے ہوئے

کیجئے رخصت ہنسی خوشی ہم کو

او جوانوں کی جان ہم سے حجاب

یاد ہے تیری کم سنی ہم کو

ہائے کیا بھولے پن سے کہتے ہیں

گھورتی کیوں ہے آرسی ہم کو

مدتوں میں حضور یار شرفؔ

آج لائی ہے بے خودی ہم کو