Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

تم پہ میں مر رہا ہوں مرنے دو

سید امیر حسن بدر

تم پہ میں مر رہا ہوں مرنے دو

کام کرنے کا ہے یہ کرنے دو

ان کو اے ہم نشیں سنورنے دو

کوئی مرتا جو ہے تو مرنے دو

ناروا ظلم ان کو کرنے دو

خون ناحق میں ہاتھ بھرنے دو

باندھی تلوار کھل پڑا جوڑا

کھائے لچکے تری کمر نے دو

خون بولے گا سر پہ چڑھ کے وہاں

قتل کر کے یہاں مکرنے دو

چھینٹے کوثر کے واعظو دینا

ابھی شیشہ میں تو اترنے دو

بزم برخاست مے کشو نہ کرو

مرا جام سفال بھرنے دو

دیکھنا ٹھنڈی گرمیاں ان کی

ان کو حمام میں نکھرنے دو

چپ ہوئی کیوں زبان کیوں روکی

پھول جھڑنے دو گل کترنے دو

خود پریشان رو سیہ ہوگی

کان بھرتی ہے زلف بھرنے دو

جوش پر سیل اشک ہے ٹھیرو

ہیں چڑھیں ندیاں اترنے دو

فکر کیوں ہے نمک فشانی کی

زخم آ لے ابھی ہیں بھرنے دو

محو شکر جفا رہو تم بدرؔ

ظلم کرتے ہیں وہ تو کرنے دو